بنگلورو،26/اگست(ایس او نیوز) یہاں تلگھٹ پورہ علاقہ میں گھر کے مالک نے 5سالہ معصوم بچی کو اپنی ہوس کا شکار بنایا اس واقعہ کے بعد شدید طورپر زخمی بچی نے آج اسپتال میں دم توڑدیا۔ اطلاع کے مطابق لڑکی رچناکی والدہ بھاگیما اپنے شوہر کی موت کی وجہ سے روزگار کی تلاش میں بنگلور آنے کے بعد اپنی بچی کو یتیم خانہ میں داخل کرنے کی کوشش کی۔ اس درمیان بھاگیما کی ملاقات چندنا نامی خاتون سے ہوئی جس نے رچنا کی دیکھ بھال کرنے کا وعدہ کرکے اسے اپنے ساتھ کرایہ کے مکان پر لے آئی اور اس مکان کے مالک ملیکارجن نے بچی کی عصمت دری کی۔ چندناکے ساتھ تعلقات قائم رکھنے والا ملیکارجن اس کے گھر آیاکرتا اور مکان میں موجود بچی کو کئی مرتبہ اپنی ہوس کا شکاربنایا۔ اس بات کی اطلاع ملنے کے بعد بچی کی ماں بھاگھیما نے تلگھٹ پورہ پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی تھی۔ پولیس نے17اگست کو معاملہ درج کرکے ملیکارجن اور اس کا تعاؤن کرنے والی چندنا کو گرفتار کرکے جیل میں بند کردیاتھا۔ زخمی معصوم بچی کو ابتدائی علاج کے لئے ایک نجی اسپتال میں بھرتی کرایاگیا، جہاں طبیعت میں کوئی سدھار نہ آنے پر مزید علاج کے لئے راجیو گاندھی اسپتال منتقل کیا گیا ۔وہاں بھی بچی کی صحت میں کوئی سدھار دکھائی نہ دینے پر بچی کو فوری سینٹ جانس اسپتال میں بھرتی کرایاگیا۔ جہاں علاج کے دوران بچی نے آج صبح دم توڑدیا۔ ساؤتھ ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر شرنپا نے بتایا کہ پولیس نے اس معاملہ میں ملوث ملیارجن اور چندنا کو پہلے ہی گرفتار کرکے جیل بھیج دیاہے۔ اطلاع پاکر ڈی سی پی شرنپا اور دیگر پولیس افسران نے سینٹ جانس اسپتال پہنچ کر بچی کی لاش کا معائنہ کیا، لاش پوسٹ مارٹم کے بعد رشتہ داروں کے حوالے کردی گئی۔